Time 04 دسمبر ، 2019
کھیل

‏عثمان شنواری اور فہیم اشرف کا بگ بیش لیگ کیلئے معاہدہ

دونوں کرکٹرز بگ بیش لیگ میں میلبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کریں گے— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کا آسٹریلوی بگ بیش لیگ کے لیے معاہدہ ہو گیا ہے، دونوں کرکٹرز بگ بیش لیگ میں میلبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کریں گے۔

بگ بیش لیگ 17 دسمبر سے 8 فروری تک کھیلی جا ئے گی۔ میلبورن رینیگیڈز 19 دسمبر کو سڈنی تھنڈرز کے خلاف سیزن کا پہلا میچ کھیلے گی۔

عثمان شنواری مسلسل دوسرے سیزن میں میلبورن رینیگیڈز کی جانب سے کھیلیں گے۔ گزشتہ سیزن میں عثمان شنواری کی پرفارمنس شاندار رہی تھی انہوں نے چھ اعشاریہ ایک چار کے اکانومی ریٹ کے ساتھ بولنگ کی تھی جبکہ ان کی اوسط بولنگ اسپیڈ 151 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

عثمان شنواری پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی بھی نمائندگی کریں گے اور ان کا کراچی کنگز سے لاہور قلندرز میں ٹرانسفر ہوا ہے۔

‏عثمان شنواری بگ بیش لیگ میں میلبورن رینیگیڈز کو ابتدائی پانچ میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے جس کے بعد ان کی جگہ انگلینڈ کے ہیری گیرنی لیں گے۔ عثمان شنواری سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں اگر انہیں ٹیم میں منتخب کر لیا جاتا ہے تو عثمان شنواری کو بگ بیش کے میچز چھوڑنا پڑ سکتے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 23 دسمبر تک جاری رہے گی۔

‏اس کے علاوہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کا پہلی مرتبہ معاہدہ ہوا ہے۔ وہ میلبورن رینیگیڈز کو ابتدائی 8 میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے جس کے بعد ان کی جگہ افغانستان کے محمد نبی لیں گے۔

فہیم اشرف فٹنس مسائل کے باعث ان دنوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بحالی صحت کے پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔ فہیم اشرف تیزی سے گھٹنے کی انجری سے نجات پا رہے ہیں۔

مزید خبریں :