05 دسمبر ، 2019
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ قسطیں آنا شروع ہو گئی ہیں جس سے وزیراعظم عمران خان کا ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانےکا وعدہ پورا ہورہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک کی لوٹی دولت واپس لانےکا وعدہ کیا تھا جو پورا ہورہا ہے کیونکہ قسطیں آنا شروع ہو گئی ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کی بھی کچھ قسطیں باقی ہیں، یہ لوگ ہمت پکڑیں اور باقی لوگ بھی اپنے پیسے دیں۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی سےحکومت پاکستان کو فی الحال کوئی رقم نہیں ملی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رقم کی منتقلی آن لائن ہوتی ہے جس سے رقم کی منتقلی فوراً متعلقہ اکاؤنٹ میں ہو جاتی ہے ۔ ابھی این سی اے کے ساتھ تصفیے میں پاکستان کو 38 ارب روپے کی رقم، اثاثے منتقل ہونا ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی پاکستانی حکام نے برطانوی نشریاتی ادارے سے کہا تھا کہ پاکستان کو رقم موصول ہوگئی ہے۔