05 دسمبر ، 2019
ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے مزید 5گولڈ میڈل جیت لیے جس کے بعد پاکستان کے طلائی تمغوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی، اس سے پہلے گوہاٹی میں ہونے والے جنوبی ایشین گیمز میں پاکستان نے 12 گولڈ میڈلز جیتے تھے۔
نیپال میں جاری ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان کے محمد نعیم نے 110 میٹر ہرڈلز ریس جیت کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
تائیکوانڈو میں ہارون خان اور رب نواز نے بھی اپنی اپنی ویٹ کیٹیگریز میں گولڈ میڈلز جیت لیے۔
ووشو میں پاکستان کے معاذ خان اور ساجد حسین نے گولڈ میڈلز جیتے۔ شاہ زیب خیر، فرحان علی، مائرہ کرامت اور سندس نے ووشو میں چاندی کے تمغے اپنے نام کِیے۔
پاکستان کی صاحب اسرا نے ایتھلیٹکس کی 400 میٹر دوڑ میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ راجہ محمد حسنین اور محمد عتیق پر مشتمل جوڑی نے بیڈمنٹن مینز ڈبلز میں برانز میڈل حاصل کیا، ویٹ لفٹنگ میں صائمہ شہزاد اور تائیکوانڈو میں عائشہ نور نے کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔
تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس اب تک 16 گولڈ، 22 سلور اور 29 برانز میڈل حاصل کرچکے ہیں۔