06 دسمبر ، 2019
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی غلط ترجیحات کے باعث پنجاب کے دور افتادہ علاقے ترقی سے محروم رہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے موڑ دیا ہے کیونکہ ماضی کی غلط ترجیحات کے باعث پنجاب کے دور دراز کے شہر ترقی سے محروم رہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی حقیقی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیئے گئے ہیں کیونکہ حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی ہر شہر کے لوگوں کا بنیادی حق ہے اور ہم عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان عام آدمی کا پاکستان ہے اور اس وقت پاکستان اپنی اصل منزل کی جانب رواں دواں ہے۔