Time 06 دسمبر ، 2019
کھیل

پی ایس ایل 5: ٹیموں کا انتخاب مکمل، شرجیل خان کی واپسی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے لیے ٹیموں کا انتخاب مکمل ہوگیا۔

تمام 6 فرنچائزز نے اپنے کمبی نیشن بنانے لیے۔ انگلینڈ کے جارح مزاج اوپنر جیسن رائے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہوں گے، ایلکس ہیلز کو کراچی کنگزاور معین علی کو ملتان سلطانز نے پِک کر لیا۔

آسٹریلیا کے کرس لین اور بین ڈنک لاہور قلندرز کے ہوگئے جبکہ اسپاٹ فکسنگ میں پابندی کی سزا کاٹنے والے شرجیل خان کراچی کنگز کے لیے کھیلیں گے۔

پی ایس ایل فائیو کے لیے ٹیموں کا انتخاب مکمل ہوگیا جس کے بعد آئندہ برس فروری میں ہونے والے ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے نام پاکستان میں ایکشن میں ہوں گے۔

آسٹریلیا ، انگلینڈ، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز سب ہی کے نامور کھلاڑی پاکستان کے چار شہروں میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

پی ایس ایل فائیو کے لیے پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوئی۔

تقریب میں پی سی بی حکام ، پی ایس ایل کی تمام چھ فرنچائزز کے مالکان اور کوچنگ اسٹاف بھی شریک ہوا جس نے اپنی اپنی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کو منتخب کیا۔

ڈرافٹ کے ذریعے منتخب انگلینڈ کے 12، جنوبی افریقا کے 6، آسٹریلیا کے 4 اور نیوزی لینڈ ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور امریکا سے ایک، ایک کھلاڑی لیگ میں صلاحیتوں کا اظہار کرے گا۔

انگلش پلیئرز میں جیسن رائے، معین علی، ایلکس ہیلز اور کرس جارڈن اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین، کولن انگرام، رائلی روسو، کیمرون ڈیلپورٹ بھی ایکشن میں ہوں گے۔

آسٹریلیا کے کرس لین، بین کٹنگ، فواد احمد اور بین ڈنک شائقین کے ہوش اڑائیں گے۔

پلاٹینم کیٹگری میں شامل ہاشم آملہ، جے پی ڈومینی، کارلوس بریتھ ویٹ، سنیل نارائن اور اینجلو میتھیوز کو کسی فرنچانز نے منتخب نہیں کیا۔

لاہور میں ہونے والی تقریب میں پی سی بی کی جانب سے تمام فرنچائز مالکان کو سوینیئرز بھی دیے گئے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے 22 مارچ کے دوران کھیلا جائے گا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

مزید خبریں :