08 دسمبر ، 2019
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے ایک گاؤں کے رہائشی 6 سالہ بچے شیوم کمار کی کمر پر پیدائشی دُم نما بال اُگے ہوئے ہیں لیکن گاؤں کے لوگوں نے اس بچے کو ہنومان کا درجہ دے کر اس کی پوجا شروع کر دی ہے۔
ہندو بہت سے جانوروں کی پوجا کرتے ہیں جن میں گائے، ہاتھی اور بندر سرفہرست ہیں، بھارت میں ہنو مان کو بجرنگ بلی اور مہاویر بھی کہا جاتا ہے جس کی پشت پر بندر کی طرح دم ہوتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ بھارت میں لوگ 6 سالہ شیوم کمار کو اپنے ہنومان سے تشبیہ دینے لگے ہیں اور اس بچے کی پوجا کرنے لگے ہیں۔
شیوم کمار کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کی کمر پر دُم نما بال اُگے ہوئے ہیں اور گاؤں کے لوگ اور پڑوسی اسے خدا کی طرف سے رحمت سمجھتے ہیں اور وہ روز اس کے لیے چاکلیٹ اور دیگر کھانے پینے کی چیزیں لاتے ہیں۔
شیوم کی کمر پر بال دیکھ کے ان کے والدین اور ڈاکٹر حیران ہوگئے تھے جس کے بعد شیوم کی والدہ نے ان بالوں کو صاف کرنے سے انکار کر دیا کیونکہ وہ یہ سمجھتی ہیں کہ ایسا کرنے ان کے خاندان کے لیے بد شگونی ہو گی۔
اس خاندان کے مقامی گرو نے شیوم کی خدا کی حیثیت سے پوجا کرنے کو منع کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا بچے کی زندگی میں آگے جا کر نفسیاتی مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔
گرو کے منع کرنے کے باوجود بھی شیوم کے پڑوسی ان کا ضرورت سے زیادہ خیال رکھتے ہیں، شیوم کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے سے پڑوسی بہت پیار کرتے ہیں اور یہ کبھی کبھی ہمارے لیے پریشانی کا باعث بن جاتا ہے کیونکہ آئے دن کوئی نہ کوئی ہمارے گھر آتا ہے۔
والدہ شیوم نے بتایا کہ ہمارے گرو کا کہنا ہے کہ اس کی پوجا کرنا چھوڑ دیں اور اسے بھی اپنی زندگی آزادانہ طریقے سے گزارنے کا موقع دیں لیکن پھر بھی لوگ ایسا کرنا نہیں چھوڑ رہے۔
انہوں نے بتایا کہ اکثر کوئی اگر گھر آکر یہ سوال کرتا ہے کہ شیوم کہاں ہے تو میں انہیں کہتی ہوں کہ وہ ابھی گھر پر نہیں ہے، شیوم کی والدہ نے کہا کہ میں کئی مرتبہ اپنے بیٹے کے علاج کی غرض سے ڈاکٹر کے پاس بھی گئی مگر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا بالکل ٹھیک اور صحت مند ہے۔
شیوم کی دادی کا کہنا ہے کہ اب شیوم بالکل بندروں کی طرح حرکتیں کرتا ہے، وہ بندروں کی ہی طرح کھاتا پیتا اور اچھلتا کودتا ہے۔