کھیل
Time 11 دسمبر ، 2019

راولپنڈی ٹیسٹ: سری لنکا کے پاکستان کیخلاف 5 وکٹوں پر 202 رنز

راولپنڈی: دو ٹیسٹ میچزکی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا نے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان کیخلاف 5 وکٹوں پر 202 رنز بنالیے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکن کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے کرونا رتنے اور اوشادا فرنینڈو نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو اچھی شروعات فراہم کی۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ 96 کے مجموعی اسکور پر گری جب کرونارتنے 59 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

109 کے مجموعی اسکور پر اوشادا فرنینڈو بھی 40 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار ہوگئے۔  اس کے بعد کوشل مینڈس اور اینجلو میتھیوس بالترتیب 10 اور 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ان کی وکٹیں عثمان شنواری اور نسیم شاہ نے حاصل کیں۔

سری لنکا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دنیش چندی مل تھے جو صرف دو رنز بناسکے۔

68.1 اوورز میں سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے کہ خراب روشنی کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور پہلے دن کا کھیل اختتام کو پہنچا۔

کھیل ختم ہوا تو دھنن جایا ڈی سلوا 38 اور  نیروشن ڈک ویلا 11 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 جبکہ عثمان شنواری، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

فوٹو: پی سی بی

قبل ازیں ٹاس جیت کر کہنا تھا وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اس لیے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

کرونا رتنے کا کہنا تھا ہمارے پلیئرز  ایسی کنڈیشنز میں کھیلنے کے عادی ہیں اور اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانے کی کوشش کریں گے۔

عابد علی اور عثمان شنواری کا ٹیسٹ ڈیبیو

قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت عرصے سے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی، عابد علی اور عثمان شنواری ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔  

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے عابد علی اور بولنگ کوچ وقار یونس نے عثمان شنواری کو ٹیسٹ کیپ پہنائی۔

فوٹو: پی سی بی

اظہر علی کا کہنا تھا وکٹ کو دیکھ کر چار فاسٹ بولرز کو کھلانے کا فیصلہ کیا، یاسر شاہ کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ تھا۔

پاکستان کے تمام 11 پاکستانی کھلاڑی سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔

اظہر علی 75 اور اسد شفیق 71 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں لیکن دونوں نے سری لنکا کے خلاف کوئی ٹیسٹ پاکستان میں نہیں کھیلا۔

مزید خبریں :