13 دسمبر ، 2019
سردیوں کے موسم میں جب گرما گرم سوپ کی بات کی جائے تو ہم سب کے منہ میں پانی آجاتا ہے، یہ موسم اپنے ساتھ بے شمار سوغات بھی ساتھ لے کر آتا ہے اور اس سے ہم سب خوب لطف اندوز بھی ہوتے ہیں۔
موسم سرما کی اپنی مخصوص سوغات میں گاجر کا حلوہ، خشک میوے جات سے بنے میٹھے اور گرما گرم سوپ سرِفہرست ہیں۔
آج ہم آپ کی سردیوں کو مزید مزیدار بنانے کے حوالے سے گرما گرم ٹماٹر کے سوپ کی ترکیب بتاتے ہیں۔
جی ہاں! اس ترکیب کے ذریعے گھر بیٹھے گرما گرم ٹماٹر کا سوپ تیار کر سکتے ہیں۔
ٹماٹر کا سوپ بنانے کے لیے اجزاء
1. ایک بڑا چمچ زیتون کا تیل
2. ایک باریک کٹی ہوئی پیاز
3. آٹھ باریک کٹے ہوئے بڑے ٹماٹر
4. 400 ملی لیٹر مکس سبزیوں سے بنی یخنی
5. چار بڑے چمچ ٹماٹو کیچ اپ
6. چار چٹکی اوریگانو
7. نمک اور کالی مرچ حسبِ ذائقہ
8. دہی گارنشنگ کے لیے
ٹماٹر کا سوپ کی ترکیب
1. سب سے پہلے ایک پین میں زیتون کا تیل ڈال کر درمیانی آنچ پر گرم کیجیے اور تیل گرم ہونے کے بعد اس میں باریک کٹی پیاز کو ہلکا سا بھون لیجیے اتنی کہ وہ نرم ہوجائے۔
2. اب اس میں باریک کٹے ٹماٹر، سبزیوں کی یخنی، کیچ اپ، اوریگانو، نمک اور کالی مرچ ڈال کر اُبلنے کے لیے چھوڑ دیں۔
3. اُبال آنے کے بعد سوپ کو ہلکی آنچ پر چھوڑ کر ڈھکن رکھ کے 15 منٹ تک پکنے دیجیے۔
4. 15 منٹ پکنے کے بعد اسے ٹھنڈا کیجیے اور پھر اچھی طرح بلینڈ کر لیجیے۔
5. سوپ کو بلینڈ کرنے کے بعد اسے دوبارہ ہلکا گرم کر کے دھنیا اور دہی سے گارنش کرنے کے پینے کے لیے پیش کیجیے۔