پاکستان
Time 16 دسمبر ، 2019

وزیراعظم عمران خان کو بحرین کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دے دیا گیا

وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے اعلی ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ 

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر بحرین پہنچے جہاں شاہ بحرین حمد بن عیسیٰ نے سخیر محل میں ان کا استقبال کیا۔

شاہ بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے وزیراعظم عمران خان کو ملک کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ عطا کیا۔

شاہ بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے وزیراعظم عمران خان کو ملک کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ عطا کیا— فوٹو: عمران خان آفیشل

خیال رہے کہ رواں سال 25 اگست کو  بحرین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی  ملک کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیا تھا۔ 

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ بحرین کا مشترکہ اعلامیہ جاری

وزیراعظم ہاؤس سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شاہ بحرین کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان نے دورہ کیا جہاں پاکستان اور بحرین کےدرمیان 3 مفاہمتی یادداشتوں پردستخط ہوئے، ہائر ایجوکیشن اینڈسائنٹیفک ریسرچ، میڈیکل سائنسز اور اسپورٹس کےشعبوں میں بھی معاہدے ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے فوجی تعاون کے حالیہ معاہدے کو خوش آئند قرار دیا، فوجی تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان معلومات اور انٹیلی جنس کے تبادلے میں اضافہ ہوگا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شاہ بحرین حمد بن عیسیٰ نے سخیر محل میں عمران خان کا استقبال کیا جہاں دونوں رہنماؤں کی ون آن ون ملاقات ہوئی اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے خدیبیہ محل میں بحرین کے ولی عہد سے بھی ملاقات کی، وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شاہ حمد بن عیسیٰ نے بحرین کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو سراہا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بحرین میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد کی میزبانی پر شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے بحرین حکومت پاکستانیوں کو روزگار کے مزید مواقع فراہم کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے متنازع امور پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق عملدرآمد پر اتفاق کیا اور مغربی اور جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بحرین کا دورہ مکمل کرلیا ہے جس کے بعد وہ سوئٹزرلینڈ جائیں گے۔

مزید خبریں :