Time 21 دسمبر ، 2019
پاکستان

جسٹس گلزار نے پاکستان کے 27 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

جسٹس گلزار احمد نے پاکستان کے 27 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس گلزار احمد سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور سپریم کورٹ کے ججز کے علاوہ مسلح افواج کے سربراہان اور وکلاء سمیت اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

جسٹس گلزار احمد یکم فرروی 2022 تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے۔

جسٹس گلزار کے کیرئیر پر ایک نظر

چیف جسٹس گلزار احمد عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں، فوٹو— فوٹو: پی آئی ڈی

جسٹس گلزار احمد2 فروری 1957 میں کراچی میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی کے گلشن اسکول سے حاصل کی اور پھر نیشنل کالج سے بی اے کرنے کے بعد انہوں نے ایس ایم لاء کالج سے قانون کی ڈگری یعنی ایل ایل بی حاصل کی۔

انہوں نے اپنی پریکٹس کا آغاز 18 جنوری 1986 کو کیا اور پھر 4 اپریل 1988 کو سندھ ہائیکورٹ میں بطور ایڈووکیٹ کام شروع کیا۔ جسٹس گلزار احمد نے 15 ستمبر 2001 کو سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔

جسٹس گلزار احمد 27 اگست 2002 کو سندھ ہائی کورٹ کے جج بنے لیکن وہ اس دوران انسیٹیوٹ آف بزنس اینڈ ٹیکنالوجی ، این ای ڈی یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سمیت کئی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ممبر بورڈ آف گورنرز بھی رہے۔

جسٹس گلزار احمد نے 16 نومبر 2011 کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاناما کیس میں نااہل قرار دینے، آئینی ترمیم، ملٹری کورٹس، پاناما گیٹس، کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور تجاوزات کے خاتمے سمیت اہم کیسز کی سماعت کرنے والے بینچز کا حصہ رہے۔

مزید خبریں :