21 دسمبر ، 2019
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کی رپورٹ کو مثبت قرار دیا ہے جب کہ 150 سوالات کے جوابات بھی طلب کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یف اے ٹی ایف نے پاکستان کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کو مثبت قرار دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی رپورٹ پر ایف اے ٹی ایف نے 150 سوالات بھی بھجوائے ہیں، یہ سوالات ای میل کے ذریعے پاکستانی حکام کو بھیجے گئے ہیں۔
ان سوالات میں پاکستان میں مدرسوں سے متعلق زیادہ وضاحتیں طلب کی گئی ہیں جب کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق پیش رفت اوردہشت گردوں پر قائم مقدمات سمیت تمام 150 سوالوں کے جواب 8جنوری تک مانگےگئے ہیں۔
واضح رہے کہ 18 اکتوبر کو ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی تمام کوششیں ناکام ہوگئی تھیں اور ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو مزید 4 ماہ گرے لسٹ میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ارکان کی تعداد 37 ہے جس میں امریکا، برطانیہ، چین، بھارت اور ترکی سمیت 25 ممالک، خیلج تعاون کونسل اور یورپی کمیشن شامل ہیں۔
تنظیم کی بنیادی ذمہ داریاں عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہیں۔