کھیل
Time 22 دسمبر ، 2019

کراچی ٹیسٹ جیتنے کیلئے سری لنکا کو 264 رنز اور پاکستان کو 3 وکٹیں درکار

کراچی ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور میچ کے آخری دن سری لنکا کو  جیتنے کے لیے 264 رنز درکار ہیں جب کہ پاکستان کو سری لنکا کے 3 کھلاڑی آؤٹ کرنا ہیں۔

کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کھانے کے وقفے پر 555 رنز 3کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 476 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے اور آئی لینڈرز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنا لیے ہیں اور اسے جیت کے لیے مزید 264 رنز درکار ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے دیموتھ کرونا رتنے 16، کسال مینڈس صفر، اینجلو میتھیوز 19، دنیش چندیمل 2، دلروان پریرا 5 اور دننجیا ڈی سلوا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جب کہ نروشان ڈک ولا نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 65 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

سری لنکا کے اوپننگ بلے باز  اوشادا فرنینڈو  شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 102 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے بہترین بولنگ کی اور 3 وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ شاہین آفریدی، محمد عباس ، یاسر شاہ اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی اننگز

اس سے قبل پاکستان کی دوسری اننگز میں شان مسعود اور عابد علی کے بعد اظہر علی اور بابر اعظم نے بھی سری لنکا کے خلاف سنچریاں اسکور کیں جس کی بدولت  پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 555 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی تھی جب کہ  سری لنکا کو جیت کے لیے 476 رنز کا ہدف ملا۔

ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو اظہر علی 57 اور بابراعظم 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے تیز رفتاری سے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی سنچریاں اسکور کیں۔

اظہر علی نے اپنے کیرئیر کی 16 ویں سنچری اسکور کی، وہ 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔  یہ ان کے کیرئیر کی 16 ہویں اور سری لنکا کے خلاف چھٹی سنچری تھی۔

بابراعظم نے پنڈی ٹیسٹ کے بعد کراچی میں بھی سنچری اسکور کی اور وہ 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ انہوں نے 130 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ محمد رضوان بھی 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا منفرد کارنامہ

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دوسری بار ہوا ہے کہ کسی ٹیم کے ابتدائی چار کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کی ہوں۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور عابد علی، اظہر علی اور بابراعظم نے سنچریاں اسکور کیں۔

اس سے قبل بھارت کے ابتدائی چار کھلاڑیوں نے 2007 میں بنگلا دیش کے خلاف سنچریاں اسکور کی تھیں۔ بھارت کی جانب سے وسیم جعفر، دنیش کارتک، راہول ڈریوڈ اور سچن ٹنڈولکر نے سنچریاں  اسکور کی تھیں۔

مزید خبریں :