22 دسمبر ، 2019
کراچی: سماجی رہنما جبران ناصر اور اداکارہ منشا پاشا کی منگنی ہوگئی۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر اداکارہ منشا پاشا اور جبران ناصر کی منگنی کی خبریں زیرگردش تھیں جس پر خود ہی سماجی رہنما نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اتوار کو ان کی منگنی ہوگی۔
اب دونوں شخصیات کی منگنی کی رسم کراچی میں ہوئی جس میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی۔
منگنی کی رسم میں جبران اور منشا نے ایک دوسرے کو انگوٹھی بھی پہنائی جبکہ دونوں نے روایتی شلوار قمیض زیب تن کررکھی تھی۔
منشا پاشا اور جبران کی منگنی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جبکہ کئی سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں کی شادی اگلے سال 2020 میں ہوگی جس کی تصدیق خود جبران ناصر نے کی تھی۔
خیال رہے کہ اداکارہ منشا پاشا نے متعدد ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے جبکہ 2 فلموں ’چلے تھے ساتھ‘ اور ’لال کبوتر‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ منشا پاشا اگست 2013 میں اسد فاروقی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں تھیں تاہم دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔