دنیا
Time 23 دسمبر ، 2019

سید علی گیلانی کی کشمیریوں سے بھارت کیخلاف بھرپور مزاحمت کی اپیل

فوٹو: فائل

بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ بھارت کے مذموم عزائم کے خلاف بھرپور مزاحمت شروع کریں۔

سید علی گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت جموں و کشمیر میں غاصب اور جابر کی حیثیت رکھتا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادیں بھارت کی غاصبانہ اقدامات کا واضح ثبوت ہیں۔

سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت وادی میں مزید زمین قبضے میں لیکر غیر کشمیریوں اور بھارتی فوجیوں کو بسائے گا اور نام نہاد تعمیر و ترقی کے نام پر مزید زمین بھارتی اداروں کو دی جائے گی۔

بزرگ حریت رہنما کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کے قدرتی وسائل سے محروم کیا جائے گا۔

انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ بھارتی مذموم منصوبے کے خلاف بھر پور مزاحمت کریں کیونکہ کشمیریوں کی آج کی مزاحمت کل ان کے لیے آزادی کی صبح بن کر طلوع ہو گی۔

خیال رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کر کے جموں و کشمیر اور لداح کو دو حصوں میں تقسیم کر کے بھارتی یونین میں شامل کر لیا تھا۔

بھارت نے اپنے اس اقدام کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی ردعمل کے خوف سے 5 اگست کو ہی مقبوضہ کشمیر میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو بھی نافذ کر دیا تھا جسے آج 141 روز ہو چکے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں 4 ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند، کاروبار زندگی مفلوج ہے  جس کی وجہ سے وادی کے لوگ بڑی تعداد میں بے روز گار ہو چکے ہیں اور کھانے پینے کی اشیاء کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے۔

مزید خبریں :