23 دسمبر ، 2019
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چئیر مین احسان مانی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان اب ہوم سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا، بنگلادیش کو ثابت کرنا ہوگا کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں ہے۔
سرلنکا کے دورہ پاکستان کے دوران دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی فتح کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی آمد سے پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دنیا میں یہ پیغام گیا ہے کہ اب پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔"سری لنکا کا پاکستان آکر ٹیسٹ میچ کھیلنا ہماری بڑی کامیابی ہے جب کہ راولپنڈی اور کراچی میں ٹیسٹ میچ ہونا ٹرننگ پوائنٹ ہے۔"
انہوں نے بتایا کہ پی سی بی بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سے رابطہ میں ہے اور امید ہے کہ وہ پاکستان نہ آنے کی کوئی وجہ نہیں ڈھونڈیں گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بنگلادیش کی ٹیم نہیں آئی تو معاملہ آئی سی سی ڈسپیوٹ میں بھی جاسکتا ہے لیکن فی الحال بات چیت جاری ہے اس لیے مزید تبصرہ نہیں کرسکتے۔
احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات میں کسی کی مداخلت شامل نہیں۔ میرا خود سلیکشن کمیٹی کے معاملات میں عمل دخل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد فارم میں نہیں تھے، پرفارم بحال کرتے ہی سرفراز احمد ٹیم میں واپس آ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 'میری عمر کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں اتنا فٹ ہوں کہ پہاڑ پر چڑھ سکتا ہوں، تنقید ہم پر ضرور کی جائے لیکن حقائق جاننا بھی لازمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئی سی سی کے ساتھ کافی عرصے تک منسلک رہے اس لیے جو ممالک کہتے ہیں کہ وہ سیکورٹی خدشات پر یہاں نہیں انا چاہتے تو وضاحت دیں۔