24 دسمبر ، 2019
پاکستان میں اس سال جہاں بے شمار فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں وہیں اس سال یوٹیوب یا ویب سیریز کا ایک نیا ٹرینڈ بھی چل پڑا ہے۔
2019 میں متعدد اداکاراؤں نے اپنے یوٹیوب چینل کا آغاز کیا جب کہ اس سال پاکستان میں ویب سیریز بھی نظر آئیں۔
گزشتہ ماہ ’ناشپاتی پرائم‘ کی جانب سے پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار نعمان اعجاز اور اداکارہ زارہ ترین کی ویب سیریز ’سات ملاقاتیں‘ یوٹیوب پر نشر کی گئی تھی جو 9 قسطوں پر مشتمل تھی۔
اس ویب سیریز کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا اور اسی کے پیشِ نظر اب ’ناشپاتی پرائم‘ ایک ڈراؤنی ویب سیریز ریلیز کرنے جا رہا ہے۔
اس ڈراؤنی ویب سیریز میں پاکستان ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ ثروت گیلانی کو کاسٹ کیا گیا ہے۔
اداکارہ ثروت گیلانی کی یہ پہلی ویب سیریزہوگی جس کا نام ’ارپیتا‘ ہے، اس ویب سیریز میں ثروت ایک مسیحی خاتون کے کردار میں نظر آئیں گی۔
یوٹیوب پر جلد ریلیز کی جانے والی ویب سیریز ’ارپیتا‘ کی دیگر کاسٹ میں اداکارہ یسرا رضوی، زین افضل اور خالد نظامی بھی شامل ہیں۔
اس حوالے سے ثروت گیلانی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’میں ایک مسیحی خاتون کا کردار ادا کروں گی، اس ویب سیریز کی کہانی ڈراؤنی اور دلچسپ ہوگی‘۔
اداکارہ نے ویب سیریز ’ارپیتا‘ کے حوالے سے انٹرویو میں مزید کہا کہ ’میں فی الحال اس ویب سیریز کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں بتا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس ویب سیریز کی عکس بندی کا آغاز جنوری سے کیا جائے گا‘۔
ناشپاتی پرائم کی ویب سیریز ’ارپیتا‘ قیصر علی پروڈیوس کریں گے جب کہ اس پروجیکٹ میں ان کے ساتھ نوجوان ڈیجیٹل فلم ساز بھی ہیں۔