Time 27 دسمبر ، 2019
پاکستان

آمریت کوشکست دینے والی بہادر لیڈر کو عوام کبھی نہیں بھولیں گے: بلاول کا پیغام

پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو  کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے والدہ کی 12ویں برسی پر  پیغام دیا ہے کہ  آمریت کو شکست دینے والی بہادر لیڈر کو عوام کبھی نہیں بھولیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے والدہ کی یوم شہادت پر اپنے خصوصی  پیغام میں کہا کہ  شہید بے نظیر بھٹو وفاق کی سب سے مضبوط زنجیر تھیں، شہید بی بی کے قاتلوں نے درحقیقت اس زنجیر کو توڑنے کی سازش کی تھی مگر آصف زرداری نے"پاکستان کھپے" کا نعرہ لگا کر ان مکروہ عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرادری نے مزید کہا کہ آمریت کوشکست دینے والی بہادر لیڈر کو عوام کبھی نہیں بھولیں گے۔

خیال رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو دہشت گردوں نے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں نشانہ بنایا تھا۔

انتخابات قریب ہونے کے باعث بے نظیر بھٹو ملک بھر کے دورے کر رہی تھیں اور لیاقت باغ میں جلسہ اِسی سلسلےکی کڑی تھی۔ اُس روز لیاقت باغ میں کارکنوں کا جم غفیر موجود تھا، جو اپنی رہنما کی آمد کا منتظر تھا۔

3 بجکر 31 منٹ پر بے نظیر بھٹو لیاقت باغ پہنچیں اور عقبی راستے سے اسٹیج پر پہنچیں۔ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز کارکنوں کے پرجوش نعروں کے ساتھ کیا اور ملک کو لاحق دہشت گردی کے خطرات اور چیلنجز کے بارے میں بات کی۔

تقریر کے بعد بے نظیر اسٹیج سے اتر کر اپنے گاڑی کی جانب بڑھیں، 5 بج کر 12 منٹ پر بے نظیر بھٹو کی گاڑی بیرونی دروازے سے باہر آئی اور لیاقت روڈ پر مڑنے لگی۔ جیالوں کا جم غفیر دیکھ کر سابق وزیراعظم اپنی گاڑی کے ہیچ کھول کر باہر آئیں اور کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔

مگر کون جانتا تھا کہ اسی مجمع میں ایک دہشت گرد بھی موجود ہے، جس نے تقریباً 5 بج کر 14 منٹ پر 2 یا 3 میٹر کے فاصلے سے بے نظیر بھٹو کا نشانہ لے کر تین گولیاں ماریں اور آخری گولی چلانے کے بعد اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔

دھماکے کے بعد اُس مقام پر ایک قیامت برپا ہوگئی۔ افراتفری کے عالم میں بے نظیر بھٹو کو 5 بج کر 35 منٹ پر اسپتال پہنچایا گیا، مگر تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکیں اور 6 بج کر 16 منٹ پر ان کی شہادت کی اطلاع آگئی اور پاکستان ایک عظیم سیاسی رہنما سے ہمیشہ کے لیے محروم ہوگیا۔ 

مزید خبریں :