Time 30 دسمبر ، 2019
دنیا

امریکا کا عراق میں فضائی حملہ، ایران نواز 15 جنگجو ہلاک

فوٹو: فائل

بغداد: امریکی فورسز نے مغربی عراق میں فضائی حملہ کر کے 15 ایران نواز جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے فضائی حملے میں کتائب حزب اللہ کے کئی جنگجوؤں کے زخمی ہونے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

پینٹاگون حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی حملہ جنگجوؤں کی جانب سے عراقی فوجی اڈے پر راکٹ حملے کے جواب میں کیا گیا۔

امریکی وزرات دفاع کے مطابق کتائب حزب اللہ نے 30 راکٹ داغے جس میں امریکی جاسوس ہلاک ہوا تھا۔

امریکا نے ایران نواز جنگجوؤں پر حملے کو کامیاب قرار دے دیا

امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فضائی حملوں پر بریفنگ بھی دی۔

مارک ایسپر نے بعدازا ں صحافیوں کو بتایا کہ ایران نواز جنگجوؤں پر فضائی حملےکامیاب رہے، ایران نواز گروہ کتائب حزب اللہ کے 5 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا کہ ضرورت پڑی تو مزید کارروائی بھی کر سکتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ فضائی حملے امریکی فورسز کو درپیش خطرات کے جواب میں کیے گئے، ایران کی ایسی کارروائیاں قبول نہیں کریں گے جو امریکیوں کو خطرے میں ڈالیں۔

مزید خبریں :