31 دسمبر ، 2019
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے معاملے پر پوچھے گئے سوال پر گول مول جواب دے دیا۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران فردوس عاشق اعوان سے سوال کیا گیا کہ بعض وزراء کے حوالے سے اسکینڈل آ رہے ہیں ، کیا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کا ذکر ہوا ؟
اس سوال پر معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے اپنے اختیار میں ہے کہ اپنے گیجٹس ( موبائل فون اور دیگر آلات) سے اپنی زندگی کو جہنم بنا لیں یا جنت۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر ان دنوں ٹِک ٹاک اسٹارز حریم شاہ اور صندل خٹک کا خوب چرچا ہے۔
چند روز قبل حریم شاہ کی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے کال پر بات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد ایک بحث چھڑ گئی تھی۔
بعد ازاں اپنے اوپر تنقید کے خلاف حریم شاہ اور ان کی ساتھی صندل خٹک نے پاکستان تحریکِ انصاف کے ورکرز اور وزراء کے خلاف ثبوت منظرِ عام پر لانے کی دھمکی بھی دی تھی۔
دوسری جانب حریم شاہ نے جیو نیوز کے مارننگ شو "جیو پاکستان" میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی ورکر ہیں اسی لیے ویڈیوز بھی انہی کے ساتھ بناتی ہیں۔
حریم شاہ نے مزیدکہا کہ ان کی پوری فیملی تحریک انصاف میں شامل ہے۔ "ہم کل بھی خان صاحب کے ساتھ تھے آج بھی خان صاحب کے ساتھ ہیں، میں پی ٹی آئی کی سپورٹر ہوں اور عمران خان کی فین ہوں۔"