Time 03 جنوری ، 2020
پاکستان

جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سوچ سمجھ کر کی: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سوچ سمجھ کر کی ہے اور  یہ معاملہ عدالت میں نہیں جانا چاہیے تھا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس سے قبل ہوا جس میں اٹارنی جنرل پاکستان نے بھی شرکت کی اور بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سوچ سمجھ کر کی ہے، یہ معاملہ عدالت میں نہیں جانا چاہیے تھا لیکن ہم قانون سازی کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام ارکان پارلیمنٹ اور اتحادیوں نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی حمایت کردی، ہم نے عدلیہ کے ساتھ ٹکراؤ نہیں کرنا بلکہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں۔

ارکان کا نوکریاں نہ ملنے کا شکوہ

دوران اجلاس ارکان پارلیمنٹ نے نوکریاں نہ ملنے کی شکایت کی اور گریڈ ون سے 5 کی نوکریاں دیے جانے کی درخواست کی جب کہ ارکان نے نوکریوں کے لیے قرعہ اندازی کی مخالفت بھی کی۔

ارکان کی مخالفت پر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ قرعہ اندازی کا طریقہ آپ سب کے حق میں ہے۔

اجلاس میں نیب کا بھی ذکر

اس موقع پر ارکان اسمبلی نے نیب کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ سیاستدانوں کو نیب سے ریلیف ملنا چاہیے، اس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ آپ کو ڈرنے کی کیا ضرورت ہے، میرے اور میری اہلیہ کے اکاؤنٹس چیک ہوئے۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزراء کی سینیٹ میں عدم حاضری کی شکایت بھی کی جس پر وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ جو وزیر سینیٹ میں نا آئے اس کی فہرست بنائی جائے۔

مزید خبریں :