03 جنوری ، 2020
ایرانی پاسدران انقلاب کی ذیلی فورس ’قدس‘ کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد تیسری جنگ عظیم کی ’تلاش‘ شروع کردی گئی۔
عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے تھے۔
جنرل قاسم سلیمانی کو ایران میں ہیرو قرار دیا جاتا ہے اور ان کی ہلاکت پر ایرانی نے شدید ردعمل دینے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی جنرل کی ہلاکت کے بعد دنیا میں تیسری جنگ عظیم کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی ہے اور ساتھ ساتھ سرچ انجن گوگل اور ٹوئٹر پر ’ورلڈ وار 3‘ ٹرینڈ کررہا ہے۔
امریکا میں بھی ’ورلڈ وار 3‘ گوگل سرچ پر سب سے زیادہ بار لکھا گیا اور اس کے ساتھ امریکا سے ایران اور جنرل قاسم سلیمانی کو بھی گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا جو کہ فہرست میں 5 ویں نمبر پر تھا۔
دوسری جانب ٹوئٹر پر بھی ’ورلڈ وار 3‘ کے 2 ٹرینڈ ٹاپ پر رہے اور پاکستان میں بھی ’ورلڈ وار 3‘، ’قاسم سلیمانی‘ اور ’سلیمانی‘ ٹاپ ٹرینڈ رہے۔
اس واقعے کے حوالے سے پاکستان میں ٹوئٹر صارفین نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔
سلیمانی کی موت کے بعد ٹوئٹر پر ’ایران‘ اور ’پاکستان آرمی‘ بھی پاکستان کے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا۔
’ورلڈ وار 3‘ کے دونوں ٹوئٹر ٹرینڈ ز پر 17 لاکھ سے زائد ٹوئٹس کی گئیں جبکہ ’قاسم سلیمانی‘ ٹرینڈ پر بھی 7 لاکھ سے زائد ٹوئٹس ہوئے۔
صرف ’سلیمانی‘ نامی ٹرینڈ پر بھی 3 لاکھ سے زائد ٹوئٹس کیے گئے۔
یاد رہے کہ ایران کے اہم ترین کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی گاڑی کو بغداد کے ائیرپورٹ کے قریب امریکی صدر کے حکم پر نشانہ بنایا گیا اور ان کی گاڑی پر راکٹ فائر کیے گئے جس میں قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے۔
امریکی حملے میں ایرانی جنرل کی موت کے بعد ایران نے بھی بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ کئی ملکوں نے حملے کی مذمت کی ہے جن میں چین، روس، عراق، ترکی اور دیگر شامل ہیں اور خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔