04 جنوری ، 2020
آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ بے قابو ہے اور اب تک انسانوں کے علاوہ 48 کروڑ سے زائد جانور اور پرندے بھی اس خوف ناک آگ کا نشانہ بن چکے ہیں۔
یونیورسٹی آف سڈنی کے بائیو ڈائیورسٹی کے ماہر پروفیسر کرس ڈکمین کی جانب سے آگ سے متاثر ہونے والے پرندوں اور جانوروں کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔
اس اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی خطرناک آگ سے 48 کروڑ جانور اور پرندے مر گئے ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا جس کے باعث آگ میں مزید شدت کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت بھی نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریا میں 200 سے زائد مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں ماہرین ماحولیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 48 کروڑ سے زیادہ جانور اور پرندے اس خوف ناک آگ کا نشانہ بنے ہیں جب کہ کوالا کی 30 فیصد آبادی ختم ہونے کا خدشہ بھی ہے۔