04 جنوری ، 2020
پوری دنیا میں دبئی کی پہچان اور آسمان کی بلندیوں کو چھونے والی عمارت ’’برج الخلیفہ‘‘ کو تعمیر ہوئے آج 10 سال مکمل ہوگئے۔
برج الخلیفہ کو دنیا کی سب سے اونچی عمارت کہا جاتا ہے، یہ عمارت ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ سے دو گنا جب کہ پیرس کے ائفل ٹاور سے تین گنا اونچی ہے۔
دبئی کی پہچان بننے والی اس عمارت کو 4 جنوری 2010 میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا اور آج 10 سال مکمل ہونے کے باوجود بھی یہ عمارت لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
دنیا بھر سے لوگ اس عمارت کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں، سب کی توجہ کا مرکز بننے والی یہ عمارت پُرتعیش ارمانی ہوٹل، رہائشی یونٹس اور ریسٹورینٹس پر مشتمل ہے جس کی 148ویں منزل سے پورے دبئی کا نظارا بھی کیا جاسکتا ہے۔
دبئی کی اس شاہکار عمارت کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر برج الخلیفہ میں تین خصوصی ایل ای ڈی لائٹ شوز کے ساتھ بڑے پیمانے پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جب کہ برج الخلیفہ کے ٹاپ فلور پر آنے والوں کو تحائف بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
اب ہم آپ کو آسمان کی بلندیوں کو چھونے والی عمارت کے بارے میں ایسے حیرت انگیز حقائق سے آگاہ کرنے جا رہے ہیں جو شاید ہی آپ کے علم میں ہوں۔
1۔ دنیا کی سب سے اونچی اس عمارت بر ج الخلیفہ کو تعمیر ہونے میں 6 سال کا عرصہ لگا تھا۔
2۔ اس عمارت کو مجموعی طور پر 2 کروڑ 20 لاکھ گھنٹے میں تیار کیا گیا۔
3۔ عمارت کو بنانے کے لیے 3 لاکھ 30 ہزار کیوبک میٹر کنکریٹ، 39 ہزار ٹن اسٹیل، 10 لاکھ 3 ہزار اسکوائر میٹر شیشے اور 15 ہزار 500 اسکوائر میٹر ایمبوسڈ اسٹین لیس اسٹیل کا استعمال ہوا ہے۔
4۔ برج الخلیفہ میں لگے ایلیوٹر یعنی لفٹ کی رفتار 10 میٹر فی سیکنڈ ہے، یعنی اگر کوئی شخص ایلیویٹر کے ذریعے گراؤنڈ فلور سے 124 ویں فلور پر جائے گا تو اسے یہاں تک جانے میں صرف ایک منٹ لگے گا۔
5۔ برج الخلیفہ میں استعمال کیے جانے والے مجموعی کنکریٹ کا وزن ایک لاکھ ہاتھیوں کے وزن کے برابر ہے جب کہ عمارت میں استعمال ہونے والے مجموعی المونیم کا وزن پانچ اے 380 جہاز کے برابر ہے۔
6۔ برج الخلیفہ دنیا کی بلند ترین عمارت کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے کے علاوہ مزید 6 عالمی ریکارڈ بھی حاصل کر چکی ہے جس میں دنیا کے سب سے زیادہ فلور والی عمارت کے ساتھ دنیا کی تیز ترین رفتار ایلویٹر جیسے متعدد ریکارڈ شامل ہیں۔
7۔ ہالی وڈ کی مقبول ترین فلمیں جس میں مشن امپاسیبل سمیت 4 دیگر فلمیں بھی شامل ہیں، ان فلموں کے کچھ حصوں کی عکس بندی برج الخلیفہ میں کی گئی ہے، معروف ہالی وڈ اداکار ٹام کروز نے بھی اسی عمارت میں اسٹنٹس کیے تھے۔
8۔ برج الخلیفہ کے 125ویں فلور پر دنیا کا سب سے اونچا پوسٹ آفس ہے۔