04 جنوری ، 2020
میانوالی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے پولیس کو غیر سیاسی کیا، سیاسی دباؤ سے آزاد کیا اور میرٹ کا سسٹم لے کر آئے۔
وزیراعظم عمران خان نے میانوالی میں ماڈل پولیس اسٹیشن کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ ماڈل پولیس اسٹیشن پنجاب کے لیے مثال بنے گا، یہ جدید پولیس اسٹیشن ہے جہاں عوام کو سہولت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدان تھانوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنے بندے تعینات کرتے تھے، تھانہ کچہری کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا لیکن ہماری حکومت نے پولیس کو غیر سیاسی کیا، سیاسی دباؤ سے آزاد کیا اور میرٹ کا سسٹم لے کر آئے۔
ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں حکومت ملی تو پولیس کا مورال ختم ہوچکا تھا، ہم نے آکر پولیس کو غیرسیاسی کیا، گزشتہ 30 سال سے جس طرح کا گورننس سسٹم تھا غلط عادتیں پڑچکی تھیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو ماڈرن پولیس فورس بنانا ہے، انسان ارادہ کرلے تو وہ کچھ بھی کرسکتا ہے کچھ مشکل نہیں، آئی جی پنجاب پولیس کو بہتر کریں حکومت ساتھ کھڑی ہوگی۔