Time 08 جنوری ، 2020
دنیا

ایران میں مسافر طیارہ تباہ ہونے سے 176 افراد ہلاک

ایران میں یوکرین کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار عملے کے افراد سمیت تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کا بوئنگ 737 طیارہ تہران کے قریب گر کر تباہ ہوا۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق طیارہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہونےکا خدشہ ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

فوٹو: ٹوئٹر

خبر ایجنسی کے مطابق طیارے نے تہران کے امام خمینی ائیر پورٹ سے ٹیک آف کیا لیکن کچھ دیر بعد ہی طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔

رپورٹس کے مطابق طیارے کے پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی لیکن طیارہ زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔

سوشل میڈیا پر حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کی ویڈیو بھی سامنے آ چکی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے میں آگ لگی ہوئی ہے جو کچھ دیر بعد زمین پر گر کر تباہ ہو جاتا ہے۔

فوٹو: ٹوئٹر/فارس نیوز ایجنسی

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں عملے کے 9 افراد اور 167 مسافر سوار تھے، جو تمام کے تمام ہلاک ہو چکے ہیں۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق مرنے والوں میں ایران کے 82، کینیڈا کے 63، یوکرین کے 11،  سوئیڈن کے 10، 4 افغانی اور جرمنی و برطانیہ کے تین تین شہری موجود تھے۔

یوکرین کے صدر نے بھی طیارے کے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :