Time 08 جنوری ، 2020
انٹرٹینمنٹ

بھارتی اداکارہ بھی سجل علی کی مداح نکلیں

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام

مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی خوبرو اداکارہ سجل علی کو پاکستان کے ساتھ ساتھ سرحد پار بھی بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

سجل علی کو پاکستان میں تو بے حد پسند کیا جاتا تھا لیکن بالی وڈ میں قدم رکھنے کے بعد بھارت میں بھی ان کے بے شمار مداح ہیں۔

فوٹو: فائل

پاکستانی اداکارہ سجل علی نے بالی وڈ فلم ’موم‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے اور اس فلم میں ان کے ساتھ بھارت کی مقبول ترین اداکارہ سری دیوی نے بھی اداکاری کی تھی۔

حال میں معروف بھارتی اداکار سونم باجوہ نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو دیئے گئے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ وہ پاکستانی اداکارہ سجل علی کی بہت بڑی مداح ہیں۔

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام

بھارتی اداکارہ سونم باجوہ نے اپنے انٹرویو میں سجل علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’سجل علی ایک بہترین اداکارہ ہیں، میں یہ بے حد خوشی سے بتاتی ہوں کہ میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے اور وہ ایک حیرت انگیز اداکارہ ہیں‘۔

سونم باجوہ سوشل میڈیا پر بھی اداکارہ سجل کی تقریباً ہر تصویر پر کمنٹ بھی کرتی ہیں جب کہ ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی بھی بہت بڑی مداح ہیں۔

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام

بھارتی اداکارہ نے پاکستانی ڈراموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’میں سجل علی کے تمام تر ڈرامے دیکھتی ہوں جن میں ’الف‘ اور ’یہ میرا دل‘ بھی شامل ہیں‘۔

انہوں نے انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ میں پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری سے واقف ہوں اور پاکستانی شوبز شخصیات کے نام بھی جانتی ہوں۔

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام

 خیال رہے کہ اداکارہ سجل علی جیو ٹی وی پر نشر کیے جانے والی مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں اداکاری کرتی دکھائی دے رہی ہیں جنہیں مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :