10 جنوری ، 2020
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان میں سیاسی چالاکیاں نہیں ہیں۔
نوشہرہ میں ڈرائی پورٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ دعویٰ کرتے ہیں کہ اب پرویز خٹک کو ریڈی میڈ اپوزیشن ملے گی، فضل الرحمان جس دسمبر کی بات کررہے تھے وہ گزر گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار فری ٹریک پالیسی لائے ہیں، اسی ماہ 11 مسافر ٹرینیں پرائیوٹ سیکٹر کو دے رہے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ دنیا فریٹ ٹرین سے کمائی کرتی ہے، پاکستان کی واحد ریلوے ہے جو مسافر ٹرین سے بھی کمائی کررہی ہے، ریلوے کی آمدن میں گزشتہ سال 10 ارب روپے کا اضافہ ہوا، رواں ماہ گیارہ مسافر ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے تمام ٹرینوں پر ٹریکر لگا دیے ہیں، ریلوے کے ایک گارڈ کے بیٹے نے 350 ٹرینوں پر ٹریکر لگائے۔
انہوں نے بتایا کہ اضاخیل ڈرائی پورٹ 28 ایکڑ پرمحیط ہے، گزشتہ سال ریلوے کو 10 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں خود بھی احتساب آرڈیننس کا مخالف ہوں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان میں سیاسی چالاکیاں نہیں ہیں، سیدھےآدمی ہیں، ساری دنیا کو یقین ہے کہ عمران خان ایک دیانت دار شخص ہے۔
شیخ رشید نے اضاخیل ڈرائی پورٹ کا نام اضاخیل پیر پائی رکھنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ریلوے کے تمام سسٹم کو کمپیوٹرائز کرنے جارہے ہیں، ملک میں ترقی کیلئے ایم ایل ون منصوبہ انتہائی اہم ہے اس منصوبے سے ایک لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔