معاشرے کی بہتری کیلئے منشا پاشا اور جنید خان کی نئی فلم کی پہلی جھلک

فلم ’کہے دل جدھر‘ کا پہلا ٹیزر جاری کیا گیا ہے جس میں اداکارہ منشا پاشا اور اداکار جنید خان مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے—فوٹو انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ منشا پاشا کی گزشتہ برس فلم ’لال کبوتر‘ نے سینما پر خوب مقبولیت سمیٹی تھی اور اب رواں برس کے آغاز میں ان کی نئی فلم ’کہے دل جدھر‘ کا پہلا ٹیزر ریلیز کیا گیا ہے۔

فلم ’کہے دل جدھر‘ کے پہلے ٹیزر میں اداکارہ منشا پاشا اور اداکار جنید خان مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ان کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں اداکارہ عتیقہ اوڈھو، کامران باری اور شرمین علی بھی شامل ہیں۔

فلم کا پہلا ٹیزر ایک منٹ کے دورانیے پر مشتمل ہے جسے دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ منشا پاشا فلم میں ایک صحافی جب کہ جنید خان ایک پولیس انسپیکٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

مختصر ٹیزر سے فلم کی کہانی تو واضح نہیں ہوئی لیکن یہ ضرور اخذ کیا جا سکتا ہے کہ منشا پاشا اور جنید خان اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے بعد معاشرے کی برائی دور کرنے کی کوشش کریں گے جس کے لیے وہ بہت سے تلخ حقائق سے پردہ اٹھائیں گے۔

فلم کی پیشکش وجدان فلمز کی جانب سے کی گئی ہے جب کہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض جلال رومی انجام دے رہے ہیں۔ فی الحال فلم کی ریلیز ہونے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :