پاکستان
Time 12 جنوری ، 2020

بلوچستان کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری، اسنو ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ

بلوچستان کے مختلف بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث صوبے بھر میں اسنو ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ 

برف باری اور بارشیں برسانے والا مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان میں موجود ہے، سسٹم کے تحت صوبے بھرمیں کہیں بارش توکہیں برف باری ہورہی ہے۔

کوئٹہ میں رات سے جاری برف باری سے وادی نے ہر سمت سفید چادر اوڑھ لی ہے، اس پر بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری تو ٹھٹھر کر رہ گئے ہیں۔

— فوٹو: پی پی آئی /کوئٹہ

زیارت وملحقہ علاقوں میں ایک فٹ تک برف پڑچکی ہے، برف باری سے زیارت اور کوئٹہ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، علاقے میں گیس کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

فرنٹیئر کور (ایف سی) کے مطابق ضلع زیارت اور سنجاوی میں برفباری کےدوران ایف سی کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اہلکار برف میں پھنسے لوگوں کو امدادی اشیاء اور خوراک مہیا کررہے ہیں۔

— فوٹو: پی پی آئی /کوئٹہ

اُدھر بولان کے علاقے کولپور میں شدید برفباری کے باعث زمینی رابطہ منقطع ہے جبکہ مستونگ میں برف باری سے کوئٹہ مستونگ شاہراہ بڑی گاڑیوں کے لیے بند ہے اور لک پاس کے مقام پر بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں ہیں۔

تربت، پنجگور اور گرد ونواح میں موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، پنجگور میں بارش کے بعد بجلی کی سپلائی معطل ہے اور مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔

ضلعی حکام کے مطابق بارشوں سے نقصانات اور لوگوں کی مشکلات کے ازالہ کے لیے رابطہ سیل قائم کر دیا ہے۔

کوئٹہ، زیارت اور ملحقہ علاقوں میں اب تک ایک فٹ تک برف پڑچکی، متعدد قومی شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہیں — فوٹو: پی پی آئی/کوئٹہ 

مکران میں موسلادھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق محکمہ کی ٹیمیں کان مہترزئی اور مسلم باغ سمیت مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

متعلقہ حکام کی جانب سے شہریوں کو یہ ہدایت بھی کی جا رہی ہے کہ اپنے گھروں میں رہیں اور سفر سےاجتناب کریں۔

 بلوچستان میں اسنو ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ

— وزیراعلیٰ بلوچستان آفیشل 

دوسری جانب  پرووینشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے صوبے میں اسنو ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے  کے ڈائریکٹر جنرل عمران زرکون کا کہنا ہے کہ برف سے ڈھکی شاہراہوں کو کھولنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کان مہترزئی میں برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کے لیے کرین بھجوادی جبکہ برفباری اوربارشوں کے بعد کی صورتحال کومانیٹر کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کو ئٹہ سے کچلاک تک قومی شاہراہ کا معائنہ

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کو ئٹہ سے کچلاک تک قومی شاہراہ کا معائنہ کیا، اس دوران وزیر داخلہ ضیاء لانگو اور سیکریٹری مواصلات نورالامین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ نے برف باری کے دوران قومی شاہراہ پر محکمہ مواصلات کے بحالی اقدامات کا جائزہ لیا، انہیں بریفنگ دی گئی کہ کان مہترزئی، زیارت لک پاس، شیلا باغ اور مچھ میں شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔

جام کمال نے قومی شاہراؤں کو برف ہٹا کر ٹریفک کے لیے بحال کرنے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں :