کھیل
Time 17 جنوری ، 2020

راولپنڈی کے ایوب پارک اسٹیڈیم میں نئی آسٹرو ٹرف کا افتتاح

اس تنصیب کے ساتھ قومی کھیل میں ملک کے مختلف شہروں میں آسٹرو ٹرف کی تعداد 25 سے زائد ہوگئی ہے— فوٹو: نصر اقبال

راولپنڈی کے ایوب پارک اسٹیڈیم میں نئی آسٹر وٹرف کا افتتاح جمعے کو پاکستان سینیئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ سے ہوا۔

یہ ٹرف نیلی اور اس کا بارڈر پیلے رنگ کا ہے، اس تنصیب کے ساتھ قومی کھیل میں ملک کے مختلف شہروں میں آسٹرو ٹرف کی تعداد 25 سے زائد ہوگئی ہے، یہ ٹرف ماری پیٹرولیم گیس کی جانب سے لگوائی گئی ہے جس نے اپنی قومی ہاکی ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔

افتتاحی تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر بریگیڈئیر(ر) خالد کھوکھر اور سیکرٹری جنرل آ صف باجوہ ، سابق قومی ہاکی کپتان منظور الحسن، شہناز شیخ، رشید جونیئر، گیس کمپنی کے ایم ڈی لیفٹینٹ جنرل اشفاق ندیم اور ہاکی کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر کھیلا گیا نمائشی میچ برابر رہا۔ اپنے خطاب میں فیڈریشن کے صدر خالد کھوکھر نے کہا کہ قومی کھیل کی ترقی کے لیے نجی اداروں کا آگے آنا خوش آئند ہے، اس اسٹیڈیم سے پنڈی میں تین اسٹیڈیم ہوگئے ہیں جس میں آرمی اسٹیڈیم اور شہناز شیخ اسٹیڈیم شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی کھیل کو بحران سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، مالی مشکلات کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے جلد اس پر بھی قابو پالیں گے، ندیم اشفاق نے اسٹیڈیم میں پویلین اور دیگر سہولت جلد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

مزید خبریں :