20 جنوری ، 2020
افغانستان کے سیکنڈ نائب صدر سرور دانش کا کہنا ہے کہ طالبان افغان عوام اور عالمی برادری کو دھوکا دے رہے ہیں۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرور دانش کا کہنا تھا کہ طالبان کا جنگی کارروائیاں کم کرنےکا منصوبہ حقیقی امن کو ٹالنے کا طریقہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان جنگی کارروائیاں کم کرنے کی بات سے عوام اور عالمی برادری کو دھوکا دے رہے ہیں۔
سرور دانش نے کہا کہ طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ تو ہو سکتا ہے مگر یہ افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں ہے۔
دوسری جانب افغان میڈیا کا دعویٰ ہے افغان حکومت کا اصرار ہے کہ طالبان جنگ بندی پر راضی ہوں۔
جرمن نمائندہ خصوصی برائے افغانستان مارکس پوٹزل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جرمنی اگلے انٹرا افغان مذاکرات کی میزبانی کا خواہاں ہے۔
خیال رہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والے مذاکرات کے دوران طالبان نے امریکا کا مذاکرات کے دوران سیز فائر کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔
طالبان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ طالبان شوریٰ نے امریکا سے امن معاہدہ طے پا جانے کے بعد 10 روز کے لیے فائر بندی پر اتفاق کیا ہے۔