25 جنوری ، 2020
پاکستان نے بجلی سے چلنے والا رکشہ تیار کرلیا جس کی تقریب رونمائی میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بھی شرکت کی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقامی طور پر تیار کیے گئے پاکستان کے پہلے الیکٹرک رکشہ کی لانچنگ تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں امین اسلم کا کہنا تھا کہ کسی بھی پراجیکٹ کی کامیابی کا دارومدار اس کے خریدار کے مالی فائدے پر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر اس رکشے سے خریدار کو فائدہ ہوگا تو ہم عام رکشوں کو بھی بجلی سے چلنے والا بنا سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر تیار کیے گئے، اِس رکشے سے نہ صرف ہمارا ایندھن بچے گا بلکہ یہ ہمارے ماحول کے لیے بھی بہت سازگار ثابت ہوگا۔
رکشہ بنانے والی کمپنی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ہماری سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرے تو مزید رکشے بھی بنائے جاسکتے ہیں۔