کھیل
Time 31 جنوری ، 2020

پی ایس ایل مکمل طور پر پاکستان میں ہونا تاریخی موقع ہوگا، وزیراعظم

پاکستان سُپر لیگ نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ عمران خان کی زلمی کے چیئرمین سے ملاقات میں گفتگو— فوٹو: عمران خان آفیشل فیس بک

وزیر اعظم عمران خان سے پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان سپر لیگ اور کھیلوں سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومتِ پاکستان قومی اسپورٹس پالیسی پر کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں جلد اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔

دورانِ گفتگو وزیراعظم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں مشہور جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ کی بطور مینٹور پشاور زلمی کا حصہ ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

اسی اثناء میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل کی کامیابی میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کا مکمل طور پر پاکستان میں انعقاد تاریخی موقع ہوگا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان سُپر لیگ نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

یاد رہے کہ پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے (پی ایس ایل) کے پہلے ایڈیشن میں سب سے پہلے پاکستان میں آکر فائنل میچ کھیلنے کی حامی بھری تھی، اس کے علاوہ پشاور زلمی دو بار سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے جبکہ 1 بار ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن 5 کا آغاز 21 فروری سے کراچی میں ہورہا ہے، جس کے افتتاحی میچ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز مدِمقابل ہوں گے۔

مزید خبریں :