کھیل
Time 31 جنوری ، 2020

انڈر 19 ورلڈ کپ: افغانستان کو ہراکر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ 

ولو مور پارک بینونی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرفرحان زاخیل کے علاوہ کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔

کپتان فرحان زاخیل نے 40 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں اسپنر عامر علی نے آؤٹ کیا جبکہ افغانستان کی پوری ٹیم 49.1 اوورز میں 189 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ 

افغانستان کےآل راؤنڈر عبدالرحمان 30 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے فاسٹ بولر عامر خان نے 58 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور فہد منیر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کے  ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز متاثر کن رہا، اوپنر محمد حریرہ اور حیدر علی نے 61 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔

گرین شرٹس کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے نوجوان بلے باز محمد حریرہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وہ 76 گیندوں پر 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

حریرہ اور حیدر علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 42 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یوں افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ 

میچ میں 64 رنز کی اننگز کھیلنے پر اوپنر محمد حریرہ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان سیمی فائنل 4 فروری کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :