پالتو کتوں نے بروقت کینسر کی تشخیص کرکے مالک کی جان بچالی

اس بات پر تحقیق بھی کی جارہی ہے کہ کیا واقعی کتوں میں یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ کسی بیماری کا سونگھ کر سراغ لگا سکیں— فوٹو: فائل

برطانوی خاتون لِنڈا منکلے اپنے پالتو کتوں سے بے پناہ محبت کرتی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پالتو جانوروں کی احسان مند ہیں جنہوں نے ان میں تیزی سے بڑھتے ہوئے چھاتی کے سرطان کا سراغ لگانے میں مدد کی اور ان کی جان بچائی۔

65 سالہ لِنڈا منکلے نے غیر ملکی ویب سائٹ کو بتایا کہ وہ اپنی بیماری سے غافل تھیں لیکن انہیں ان کے کتوں کی مشکوک حرکتوں سے احساس ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔

لنڈا نے اپنی کہانی بتاتے ہوئے کہا ’ایک دن میں صوفے پر بیٹھی ہوئی تھی کہ اچانک میرے کتے ’بی‘ نے مجھ پر چھلانگ لگائی اور میرے سینے پر اپنا سر لگانا اور اسے سونگھنا شروع کردیا، مجھے کچھ عجیب لگا کیونکہ یہ میرے لیے غیر معمولی تھا اور اس نے اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں کیا تھا، اس وقت میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ مجھے یہ بیماری ہوسکتی ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’لیکن پھر اس نے ہر روز ایسا کرنا شروع کردیا میں اس کو روکتی تب بھی وہ ایسا کرنے سے باز نہیں آتا‘۔

لِنڈا نے بتایا کہ یہ سلسلہ یونہی چلتا رہا اور وہ خود ہی اپنا معائنہ کرتی رہیں لیکن انہیں کچھ بھی محسوس نہیں ہو رہا تھا۔ یہ سلسلہ یونہی چلتا رہا میں معائنہ کرتی رہی لیکن اس واقعے کے شروع ہونے کے پورے آٹھ ہفتے بعد ایک دن اچانک مجھے اپنے سینے میں ایک طرف گِلٹی محسوس ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد میں فوراً ڈاکٹر کے پاس گئی جہاں انہوں نے میرا چیک اپ کیا اور میموگرافی کرنے کے بعد بتایا کہ مجھے بریسٹ کینسر ہے جو پھیل رہا ہے‘۔

لنڈا کہتی ہیں کہ وہ اپنے پالتو کتوں کی شکر گزار ہیں جن کی وجہ سے انہیں اپنی بیماری کا علم ابتدائی اسٹیج پر ہی ہوگیا اور کامیاب علاج کیا جاسکا۔

ان کا مزید کہنا تھا تشخیص کے بعد ان کی کیموتھراپی شروع ہوئی جس کے دوران بھی (بی اور انیا) ویسے ہی برتاؤ کرتے رہے لیکن کیمو کے تیسرے سیشن کے بعد دونوں نے اچانک انہیں سونگھنا اور سینے کے خاص حصے پر اپنا سر ٹکرانا بند کردیا۔

لِنڈا کی چھ مہینے تک کیموتھراپی ہوتی رہی اور اس کے بعد اس گلٹی کو نکالنے کے لیے ایک آپریشن بھی کیا گیا۔

ایک اپائنٹمنٹ کے دوران لنڈا نے اپنے ڈاکٹر کو کتوں کی غیرمعمولی حرکت کا بتایا جس پر ڈاکٹر حیران رہ گئے اور کہنے لگے کہ آپ کو ان کا شکر گزار ہونا چاہیے انہوں نے آپ کی جان بچائی۔

لنڈا اور ان کے کتوں کی یہ انوکھی کہانی سارے اسپتال میں بھی مشہور ہوگئی ہے۔

لنڈا کہتی ہیں کہ وہ اپنے کتوں کی احسان مند ہیں جن کی وجہ سے انہوں نے اپنا چیک اپ کرنا شروع کیا اور اسی وجہ سے ان میں کینسر کے پہلے اسٹیج پر ہی بیماری کی تشخیص ہوگئی اور اس بیماری کا کامیاب علاج کیا جاسکا۔

ڈاکٹر کا مزید کہنا تھا کی آج تک انہوں نے جتنے بھی کیسز دیکھے ہیں یہ ان میں سے ایک بہترین کیس ہے، یہ ہم سب کو معلوم ہے کہ پالتو جانوروں خاص طور سے کتوں کی سونگھنے کی حِس انسانوں سےلاکھوں گنا زیادہ ہوتی ہے، اس لیے یہ زیادہ بہتر ہے کہ ان کی ایسی ٹریننگ کی جائے جس سے وہ اپنے مالک کو کسی مہلک یا خطرناک بیماری سے اس کے ابتدائی مراحل میں ہی آگاہ کرسکیں۔

اس بات پر تحقیق بھی کی جارہی ہیں کہ کیا واقعی کتوں میں یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ کسی بیماری جیسے کینسر کا سونگھ کر سراغ لگا سکیں۔

مزید خبریں :