Time 02 فروری ، 2020
پاکستان

عمران خان بنی گالا بیچیں اور عازمین حج کو سہولت فراہم کریں: علامہ ناصر مدنی

معروف عالم دین علامہ ناصر مدنی—اسکرین گریب

معروف عالم دین علامہ ناصر مدنی نے حج کے اخراجات میں اضافے  پر اپنے مخصوص انداز میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر  حکومت کے پاس پیسے نہیں تو  عمران خان اپنا بنی گالا بیچیں اور عازمین حج کو سہولت فراہم کریں۔

معروف عالم دین علامہ ناصر مدنی کی سوشل میڈیا پر ایک بیان کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر خوب برہمی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2017ء میں امیر المومنین کہتے تھے کہ میں یوں کردوں گا، میں وہ کردوں گا اور اب 2020ء میں کہتے ہیں کہ اس تنخواہ میں میرا اپنا گزارا نہیں ہوتا۔

علامہ ناصر مدنی نے غصے سے کہا کہ امیر المومنین مدینے کی ریاست کے نام لیوا لوگوں کو مدینے ہی نہیں جانے دے رہے۔

علامہ ناصر مدنی نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ڈھائی لاکھ روپے کا حج 5 لاکھ 68 ہزار روپے کا کر دیا ہے اگر حکومت کے پاس پیسے نہیں تو عمران خان اپنا بنی گالا کا گھر اور وزراء اپنی گاڑیاں بیچیں اور عازمین حج کو سہولت فراہم کریں۔

اس حوالے سے مذہبی اسکالر مفتی قوی کا کہنا ہے کہ علامہ ناصر مدنی کا اپنا مخصوص انداز ہے اور مزاحیہ انداز میں اہم معاملات پر وہ بات کہہ دیتے ہیں۔

مزید خبریں :