دنیا
Time 03 فروری ، 2020

ادلب میں شامی فورسز کی شیلنگ، 5 ترک فوجی ہلاک

ترکی کے وزیرِدفاع کا کہنا تھا کہ پیر کو شامی فورسز کی شیلنگ سے 5 ترک اہلکار اور ایک سیویلین جاں بحق ہوا جبکہ 7 فوجی زخمی ہوئے ہیں— فوٹو: فائل

شامی افواج نے ادلب کے شمال مشرقی حصّے پر شیلنگ کردی جس کے نتیجے میں ترکی کے پانچ فوجی اہلکار جبکہ ایک عام شہری جاں بحق ہوگیا۔

ترکی کے وزیرِدفاع کا کہنا تھا کہ پیر کو شامی فورسز کی شیلنگ سے 5 ترک اہلکار اور ایک سیویلین جاں بحق ہوا جبکہ 7 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

وزیرِ دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ترک افواج اپنی موجودگی کے حوالے سے مسلسل شامی فوج کے ساتھ رابطے میں ہے پھر بھی حملے کی زد میں آئی۔

اس واقع پر اُن کا کہنا تھا کہ جس نے بھی یہ نفرت انگیز حملہ کیا ہے اُسے اس حملے کا حساب دینا ہوگا اور اس طرح کے کسی بھی حملے میں ہم اپنے دفاعی حقوق کا استعمال کریں گے۔

قبل ازیں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ اس حملے کے جوابی حملے میں شام کے 30 سے 35 اہلکار مارے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ادلب میں ترکی کے 12 کے قریب آبزرویشن پوسٹس ہیں جو اس نے روس کے ساتھ معاہدے کے تحت قائم کیے ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق ترکی نے شام کے شمالی علاقے کوبانی میں روس کے ساتھ اپنے مجوزہ مشترکہ گشت کو منسوخ کردیا ہے۔

ترکی کے وزیرِدفاع ہلوسی آکار نے ٹوئٹر پر بتایا کہ وہ فوری طور پر شامی سرحدی علاقے پہنچ رہے ہیں اور ان کے ساتھ اعلیٰ فوجی افسران بھی ہوں گے۔

مزید خبریں :