07 فروری ، 2020
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی پیسرز نے بنگلا دیش کو 233 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
اظہر علی کا کہنا تھا بنگلا دیش کو کم سے کم رنز پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے اور ہمارے فاسٹ بولر اہم کردار ادا کریں گے۔
اظہر علی کی حکمت عملی کو پاکستانی پیسرز نے درست ثابت کیا اور بنگلادیش کی پوری ٹیم 233 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
محمد متھن 63 اور نظم الحسین شانتو 44 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، محمد عباس اور حارث سہیل نے دو دو جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلادیش کے آل آؤٹ ہونے کے بعد پہلے دن کا کھیل اختتام کو پہنچا۔ پاکستان کل اپنی پہلی اننگز شروع کرے گا۔
قومی ٹیم میں اظہر علی کے علاوہ شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، حارث سہیل، اسد شفیق، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔