Time 09 فروری ، 2020
صحت و سائنس

دل کے امراض، بلڈ پریشر کو معتدل رکھنے والے مصالحے اور جڑی بوٹیاں

فوٹو: فائل

ہمارے گھر میں بے شمار ایسے مصالحہ جات اور جڑی بوٹیاں موجود ہوتی ہیں جن کی افادیت سے ہم نا واقف ہوتے ہیں اور ہم یہ تک نہیں جانتے کہ یہ ہماری صحت کے لیے کتنے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔

بہت سے لوگ چھوٹی موٹی بیماریوں کے لیے گھریلو نسخوں کا استعمال کرتے ہیں اور وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ یہ نسخے ان کے لیے کتنے فائدہ مند ہوتے ہیں۔

ہم آپ کو ایسے ہی کچھ مصالحہ جات اور جڑی بوٹیوں کے حوالے سے بتاتے ہیں جو ہماری صحت کے لیے بے حد موزوں ہیں۔

لہسن

فوٹو: فائل

لہسن کو نزلہ اور زکام کی صورتحال کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے، جب کہ لہسن کا استعمال کرنے سے آپ کے خون کا دباؤ یعنی بلڈ پریشر بھی معتدل رہتا ہے جس کی وجہ سے امراضِ قلب کے خطرات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

دوسری جانب لہسن میں اینٹی آکسیڈینٹس بھی پائے جاتے ہیں جو کہ دماغی بیماری ڈیمنشیا اور الزائمر کے خطرات سے بھی بچاتے ہیں، ہمیں اپنے ہر کھانے میں لہسن کا استعمال ضرور کرنا چاہیے۔

روز میری

فوٹو: فائل

روز میری ایک ایسی جڑی بوٹی ہے جس کی ایک خاص خوشبو ہوتی ہے اور یہ خوشبو انسان کا حافظہ، غور و فکر کرنے کی صلاحیت، کارکردگی اور مزاج کو بہتر بناتی ہے جب کہ روز میری دماغی صحت کے لیے بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔

لال مرچ

فوٹو: فائل

لال مرچ کے اندر ایک غذائی اجزاء پایا جاتا ہے جو انسان کو قبل از وقت بڑھاپے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، اور لال مرچ تکلیف کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

لیکن لال مرچ کا استعمال کرنے سے پہلے یہ ضرور جان لیں کے کہ یہ ہر کسی کی صحت کے لیے معاون ثابت نہیں ہوتی، ایسے لوگ جنہیں لال مرچ کھانے کی وجہ سے سینے میں جلن کی شکایت ہو جاتی ہے وہ اس کا استعمال نہ کریں جب کہ ماہرین لال مرچ کا روزانہ استعمال کرنے سے بھی منع کرتے ہیں۔

ادرک

فوٹو: فائل

ادرک میں یہ خاصیت پائی جاتی ہے کہ اس سے ہمارا نظام ہاضمہ ٹھیک رہتا ہے، جب کہ ادرک درد میں آرام اور نزلے زکام کی کیفیت میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔

پارسلے

فوٹو: فائل

پارسلے ایک ایسی جڑی بوٹی ہے جو ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بہترین سمجھی جاتی ہے، اس میں وٹامن کے موجود ہوتا ہے جو ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے۔

پودینا

فوٹو: فائل

پودینا سر درد اور دردِ شقیقہ میں آرام پہنچانے کا کام کرتا ہے، پودینے کے پانی سے بھاپ لینے سے سانس سے متعلق مسائل میں آرام ملتا ہے جب کہ اس سے بند ناک بھی کھل جاتی ہے۔

دار چینی

فوٹو: فائل

دار چینی ایک ایسا خاص مصالحہ ہے جس کا استعمال کرنے سے جسم پر انفیکشن اور الرجی کی کیفیت میں فائدہ پہنچتا ہے، اسے اینٹی انفلامیٹری سمجھا جاتا ہے جو امراضِ قلب کے خطرات کو بھی کم کرتا ہے۔

کیمومائل (بابونہ)

فوٹو: فائل

کیمومائل (بابونہ) سورج مکھی کے پودے کی طرح ایک خوشبودار جڑی بوٹی ہے جس کی چائے خون میں موجود شکر کی مقدار کو معتدل رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے جب کہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی معاون ہوتی ہے۔

ہری پیاز کے پتے

فوٹو: فائل

ہری پیاز کے پتوں میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو انسان کی نیند کو بہتر کرنے میں مددگار سمجھے جاتے ہیں، اس میں فولیٹ بھی پایا جاتا ہے اور اس کا استعمال کرنے سے مزاج بہترین اور ڈپریشن کی کیفیت میں بہتری آتی ہے۔

لیونڈر

فوٹو: فائل

لیونڈر ایک ایسی خوشبودار جڑی بوٹی ہے جس کا تیل زخم کو ٹھیک کرنے کے ساتھ ساتھ کسی کیڑے کے کاٹنے والے انفیکشن کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

لیونڈر بے چینی اور نیند سے محرومی کی کیفیت کے لیے بھی فائدے مند ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ معلومات مختلف انٹرنیشنل جرنلز میں شائع شدہ تحقیقات سے حاصل کی گئی ہیں۔ اگر آپ کسی الرجی یا بیماری میں مبتلا ہیں تو اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :