پاکستان
Time 09 فروری ، 2020

کٹھ پتلی حکومت نے سلیکٹرز کی ناک کے نیچے ملکی معیشت کو تباہ کردیا: بلاول

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ میں کٹوتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت نے اپنے سلیکٹرز کی ناک کے نیچے ملکی معیشت کو تباہ کردیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سےہائیر ایجوکیشن کے بجٹ میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی 104 سرکاری یونیورسٹیاں تاریخ کے بدترین مالی بحران سے گزر رہی ہیں، پشاوریونیورسٹی سمیت کئی یونیورسٹیاں ملازمین کو تنخواہیں اورپنشن ادائیگی کے قابل نہیں لہٰذا سرکاری شعبوں کی یونیورسٹیوں کو بلاتاخیر درکار فنڈز جاری کیے جائیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت نے اپنے سلیکٹرز کی ناک کے نیچے ملکی معیشت کو تباہ کردیا اور لاکھوں افراد کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا گیا ہے، ملک کو سماجی، معاشی اور سیاسی دلدل میں پھنسادیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پشاوریونیورسٹی کے حوالے سے خبر سامنے آئی تھی جس کے مطابق انتظامیہ کے پاس ملازمین کو تنخواہیں اورپنشن ادائیگی کے لیے پیسے نہیں ہیں۔

مزید خبریں :