مفتی نظام الدین شامزئی کے قتل میں ملوث مبینہ دہشت گرد گرفتار

کراچی: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے حساس ادارے کے ساتھ کارروائی کر کے کالعدم تنظیم سپاہ محمد سے تعلق کے الزام میں مبینہ دہشت گرد سلیم حیدر زیدی کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی نے وفاقی حساس ادارے کے ساتھ یونیورسٹی روڈ پر محکمہ موسمیات کے قریب کارروائی کی اور ایک مبینہ دہشت گرد سلیم حیدر زیدی عرف سلیم بھائی عرف رحمان عرف رجب کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی حکام کا دعوٰی ہے کہ مبینہ دہشت گرد کے قبضے سے ایک دستی بم، کالعدم سپاہ محمد کی فنڈنگ بکس، رسیدیں اور رقم برآمد کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ گرفتار مبینہ دہشت گرد بم بنانے کا ماہر ہے، دہشت گردی کی تربیت پارہ چنار میں حاصل کی اور اس کا کرمنل ریکارڈ 1993سے موجود ہے، لیاری میں جلوس پر دستی بم حملے، مسجد پر دستی بم حملے، غیر ملکی باشندے کے قتل، مفتی نظام الدین شامزئی اور مفتی جمیل سمیت کئی اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مبینہ دہشت گرد کا ساتھی اور مفتی نظام الدین شامزئی کے قتل میں ملوث ملزم حماد رضا کو 2007 میں گرفتار کیا گیا جس نے اس کا نام لیا تھا، گرفتار مبینہ دہشت گرد کا نام ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :