11 فروری ، 2020
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں یاد ہے عمران خان کہتے تھے وزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے تو مہنگائی بڑھتی ہے، اب وزیراعظم بتائيں ان کی کونسی کرپشن کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مان لیں کہ وہ نالائق اور سلیکٹڈ ہیں،جو بھی ہيں انہیں گھر جانا پڑے گا اور عوام کو ریلیف دینا پڑے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے ہی طے کردہ ٹیکس ہدف تک نہيں پہنچ سکی، یہ حکومت نااہل اور نالائق ہے اس لیے ٹیکس اکٹھا نہيں ہورہا۔
اس موقع پر انہوں نے ایوان میں وزیر خزانہ کے نہ ہونے پر بھی کڑی تنقید کی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے اس ملک کے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے ،جب سے یہ حکومت آئی ہے ہر طبقہ پریشان ہے، جب حکومت آئی تب مہنگائی تھی مگر اب بہت بڑھ گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان جیسے چھوٹے آدمی سے بینظیر کا نام برداشت نہیں ہوا، سیاسی فائدے اور بُغضِ بھٹو کے لیے یہ حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سبوتاژ کررہی ہے ۔
وزیراعظم عمران خان کے لیے بلاول کے بیان پر قومی اسمبلی اجلاس میں شور شرابہ بھی ہوا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ٹوکا تو بلاول نے کہاکہ اسپیکر صاحب آپ کا کام نہیں ہے وزیراعظم کا دفاع کرنا،اس کے لیے پوسٹل وزیر (مراد سعید) جواب دے دیں گے۔