دنیا
Time 11 فروری ، 2020

ابتداء میں کلیئر قرار دیے گئے دو جاپانی شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

ٹوکیو: جاپان کے مزید دو شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ دونوں شہریوں کے پہلے کیے گئے ٹٰیسٹ میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔

جاپان میں کورونا کے دو مزید کیسز سامنے آگئے ہیں، متاثرہ افراد کی ابتدائی میڈیکل رپورٹس میں وائرس کی نشاندہی نہیں ہو سکی تھی لیکن بعد میں کیے گئے ٹیسٹ میں دونوں مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

جاپان کے وزارت صحت نے بتایا کہ جاپان میں کورونا وائرس کے دو مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد مریضوں میں وائرس کی تصدیق کردی گئی ہے۔

چین کے شہر ’ووہان‘ سے واپس آنے والے جاپانی شہریوں میں سے دو افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ افراد میں سے 50 سالہ جاپانی شہری کے چین سے آنے سے قبل 2 ٹیسٹ کیے جاچکے تھے جس میں مریض میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی لیکن اس کے باوجود بھی انہیں وطن واپس آنے کے بعد علیحدہ کمرے میں ہی رکھا گیا تھا اور پھر 12 دن بعد کیے جانے والے ٹیسٹ کی رپورٹ میں مریض میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کسی بھی مریض میں 14 دن کے اندر کورونا وائرس کے اثرات نمودار ہوسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں ایک اور 40 سالہ جاپانی شہری جو 30 جنوری کو ووہان سے وطن واپس لوٹا تھا اس کے ابتدائی میڈیکل رپورٹس میں بھی وائرس کی شناخت نہیں ہوسکی تھی لیکن بعد میں کیے گئے میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹ نے اس مریض میں بھی وائرس کی تصدیق کردی۔

ان دونوں کیسز کے سامنے آنے کے بعد جاپان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 28 تک پہنچ گئی ہے جن میں جاپان کے قریب سمندر میں روکے جانے والے سیاحتی بحری جہاز ’ڈائمند پرنسز‘ کے مسافر شامل نہیں ہیں۔

جاپان میں ’ڈائمنڈ پرنسز‘ نامی سیاحتی بحری جہاز میں تقریباً 3 ہزار 700 مسافر اور عملے کے ارکان سوار ہیں جن میں مزید 65 افراد میں وائرس کی تصدیق کردی گئی ہے— فوٹو: اے ایف پی

جاپان میں ’ڈائمنڈ پرنسز‘ نامی سیاحتی بحری جہاز میں تقریباً 3 ہزار 700 مسافر اور عملے کے ارکان سوار ہیں جن میں مزید 65 افراد میں وائرس کی تصدیق کردی گئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 135 ہوگئی ہے۔

جہاز میں سے مسافروں کو صرف وائرس سے متاثرہ ہونے کی صورت میں یا کسی اور خرابیِ صحت کی وجہ سے اترنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ جہاز کو 19 فروری تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

مزید خبریں :