پاکستان
Time 12 فروری ، 2020

ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز نے چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافے کی تردید کردی

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) عمر لودھی نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹور  پر کسی چیز کی قیمت تبدیل نہیں کی اور چینی کی قیمت 68 روپے فی کلو ہی رہے گی۔

گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے عوام کے لیے 10 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ہی چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔ 

کابینہ نے یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی 2 روپے کے اضافے کے بعد 68 سے 70 روپے فی کلو اور گھی کی قیمت 5 روپے اضافے کے بعد 170 سے 174 روپے فی کلو کرنے کی منظوری دی تھی۔

اس حوالے سے اب یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) عمر لودھی نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹور پر کسی چیز کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، چینی 68 روپے اور گھی 170 روپے فی کلو فروخت کررہے ہیں، قیمتوں میں اضافے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو چینی 2 روپے اور گھی 5 روپے مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی جو وزیراعظم نے مستردکردی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر 6 اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جارہی ہے اور  رمضان میں مزید اشیاء پر رعایت دی جائے گی، وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر دالیں اور چاول مارکیٹ سے 15 سے 20 روپے سستے ملیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دی جس کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا، گھی، دالیں، چینی اور چاول مارکیٹ سے 10 سے 25 فیصد کم ریٹ پر ملیں گے۔

وفاقی کابینہ نے 5 ماہ میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 10 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی، اس کے علاوہ ماہ رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 5 ارب روپے الگ سے ملیں گے۔

فوٹو: اسکرین گریب

اس حوالے سے وزیراعظم آفس کے فیس بک پیج سے بھی جاری کی گئی تصاویر میں بتایا گیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی 70 روپے اور گھی 175 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی گزشتہ روز چینی کی قیمت 70 روپے کلو بتائی تھی اور آج مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت 68 روپے کلو بتا دی۔

مزید خبریں :