13 فروری ، 2020
نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پریش میں ٹریفک حادثے میں 16 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش میں فیروز آباد شہر کے قریب آگرہ لکھنو ایکسپریس وے پر ٹرک ڈرائیور سڑک کے کنارے ٹائر تبدیل کر رہا تھا کہ ڈبل ڈیکر مسافر بس اس سے ٹکرا گئی۔
ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس نئی دہلی سے بہار کے علاقے موتی ہاری جا رہی تھی کہ آگرہ لکھنو ایکسپریس وے پر حادثے کا شکار ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق حادثے میں 16 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں ہر سال ٹریفک حادثات میں ایک لاکھ 55 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔