Time 13 فروری ، 2020
کھیل

سنگا کارا کی قیادت میں ایم سی سی کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی‏

فوٹو: جیو نیوز

سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا کی قیادت میں دنیا کے تاریخی مارلی بون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم 7 روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئی۔

لاہور ائیرپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے مہمان کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔

ٹیم کی قیادت کمار سنگاکارا کر رہے ہیں جو 11 سال بعد پاکستان آئے ہیں جب کہ ‏مارلی بون کرکٹ کلب کی ٹیم 48 سال بعد پاکستان پہنچی ہے۔

انگلینڈ کا تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ مارلی بون کرکٹ کلب کی ہی ملکیت ہے اور مارلی بون کلب کو کرکٹ قوانین کے ضامن کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

فوٹو: جیو نیوز

کمار سنگارا آج دوپہر چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے ہمراہ قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کریں گے جس کے بعد ایم سی سی کی ٹیم پریکٹس سیشن کرے گی۔

ایم سی سی کی ٹیم دورے میں لاہور میں چار میچز کھیلے گی۔ کل قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور ایم سی سی کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔

ایم سی سی 16 فروری کو پاکستان شاہینز کے خلاف ون ڈے میچ کھیلے گی، 17 فروری کو ناردرن اور 19 فروری کو ملتان سلطانز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔تینوں میچز ایچی سن کالج میں کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں :