13 فروری ، 2020
ترک صدر رجب طیب اردوان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
رجب طیب اردوان ترک خاتون اول کے ہمراہ اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس پہنچے تو وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ کے اراکین نے ترک صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔
روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے مہمانوں کو گلدستے پیش کیے ، اس کے بعد پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے ترک صدر کو سلامی پیش کی ۔
وزیراعظم عمران خان مہمانوں کی گاڑی خود چلا کر وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں ترک صدر کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان ایوان صدر بھی گئے جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان کا استقبال کیا۔
دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد صدر مملکت نےمعزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا ۔
طیب اردوان کے دورے کے دوران دفاع، ریلوے، اطلاعات، معیشت اور تجارت پر متعدد معاہدے ہوں گے جب کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوہری شہریت کے ایک معاہدے پر بھی دستخط ہوں گے۔
ترک صدر 14 فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان ترک صدر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔
دونوں رہنما پاک ترک اسٹریٹجک تعاون کونسل کی مشترکہ صدارت کریں گے جس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔
صدر طیب اردوان اور وزیر اعظم عمران خان مشترکہ نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔