پاکستان

عمران خان کیخلاف ہیلی کاپٹر کیس بند کرنے پر نیب کی پراسرار خاموشی

فائل فوٹو

پشاور: قومی احتساب بیورو نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر کیس بند کرنے پر پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کی سابقہ حکومت میں خیبرپختونخوا حکومت کے دو ہیلی کاپٹروں پر 18000 کلومیٹر کا سفر 74 گھنٹوں میں کیا جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔

نیب کے ترجمان اور سرکاری ذرائع خبرکی تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کررہے ہیں اس دوران نیب کے ترجمان نے ایک بار پھر اس نمائندے کو انتظار کرنے کا پیغا م بھجوایا ہے حالانکہ انہوں نے بدھ کے روز جمعرات کی صبح سرکاری مؤقف دینے کا وعدہ کیا تھا۔

لیکن جمعرات کی رات تک نیب کاسرکاری مؤقف نہ مل سکا تاہم نیب ہیڈ کوارٹر کے باوثوق ذرائع ایک مرتبہ پھر دعویٰ کررہے ہیں کہ عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر اسکینڈل کیس کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔

اس نمائندے نے بدھ کے روز نیب کے مرکزی ترجمان کو متعدد بار پیغامات بھجوائے ٹیلی فون کیے تاہم انہوں نے کال سننے سےگریز کیا لیکن پیغامات کا جواب بھجوایا کہ دفتر بند ہو چکاہے لہٰذا جمعرات کی صبح وہ سرکاری مؤقف دے سکیں گے لیکن جمعرات کی رات تک نیب کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

بدھ کے روز ترجمان نے واٹس ایپ کے ذریعے بتایا کہ اس نمائندے نے دفتر بند ہونے کے بعد مؤقف مانگا ہے لہٰذا وہ اس وقت کوئی بھی مؤقف دینے سے قاصر ہیں اس لیے جمعرات کی صبح تک انتظار کیا جائے کیونکہ قانون کے تحت متعلقہ ڈویژن سے مؤقف ملنے کے بعد ہی اسے فراہم کیا جا سکتا ہے اور یہ ایک بنیادی حق بھی ہے۔

ترجمان کے مطابق جمعرات کی صبح کیس کے حوالے سے سرکاری موقف فراہم کر دیا جائے گا۔

نوٹ: یہ خبر 14 فروری کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی

مزید خبریں :