16 فروری ، 2020
بھارت میں تین کشمری طلبہ کو پاکستان کی حمایت میں نعرے لگانے پر گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں طلبہ بھارتی ریاست کرناٹکا کے
ضلع ہبالی کے ایک انجینئرنگ کالج میں زیر تعلیم ہیں جن کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں سے ہے۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کالج میں زیر تعلیم کشمیر سے تعلق رکھنے والے تین طلبہ نے پاکستان کی حمایت میں نعرے لگائے اور ویڈیو بھی بنائی جو وائرل ہو گئی، جس پر کارروائی کی گئی اور انہیں گرفتار کیا گیا۔
بھارتی حکام کے مطابق مذکورہ ویڈیو میں ایک طالب علم کو ابتدائی طور پر بیک گراؤنڈ میوزک کے ساتھ کچھ بولتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد وہ سب دوسرے ''آزادی '' کا نعرہ لگاتے ہیں۔ پھر جو میوزک چل رہا ہے اس میں انہوں نے "پاکستان زندہ باد" بھی شامل کیا۔
اسی سبب تینوں کشمیری نوجوانوں کو بھارتی پولیس نے بغاوت کا الزام لگا کر گرفتار کیا ہے جن پر ضلع بجرنگ دل کے ہندو انتہاپسندوں نے حملے کی بھی کوشش کی تھی۔