پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے: احسان مانی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، اتنا بڑا ایونٹ پہلے نہیں ہوا، بڑی تعداد میں غیر ملکی پلیئرز کی آمد سے غیر ملکی ٹیموں کا بھی اعتماد بحال ہوگا۔

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے 5 ویں ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ فرنچائز مالکان نے میڈیا سے گفتگو کی۔ 

پاکستان سپرلیگ کے 5 ویں ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ فرنچائز مالکان نے میڈیا سے گفتگو کی — فوٹو: پشاور زلمی سوشل میڈیا

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ ہم نے 11 ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ اب سارا پی ایس ایل پاکستان میں ہوگا اور ایک وقت تھا کسی کو معلوم نہیں تھا کیسے ہوگا لیکن سب نے سپورٹ کی اور آج پی ایس ایل ہورہا، سندھ حکومت اور کراچی نے ہمیشہ پی ایس ایل کو سپورٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی نے پچھلے سال خوب سپورٹ کیا، یہاں افتتاحی میچ ہونا، اس سپورٹ کا اعتراف ہے، پی ایس ایل کی کامیابی کی اصل وجہ ہمارے فینز ہیں، جیسے فینز یہاں سپورٹ کرتے ہیں کہیں نہیں ہوتا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو شفاف اور پروفیشنل ادارہ بنانا چاہتے ہیں، جب گورننس ٹھیک ہوگی تو کھیل بھی ہوگا، بڑی تعداد میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹرڈ کیا جس سے غیرملکی ٹیموں کا بھی اعتماد بحال ہوگا، پاکستان میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد سے معیشت کا بھی فائدہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ پاکستانی کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، اتنا بڑا ایونٹ پہلے نہیں ہوا، اگر خیبرپختونخوا حکومت اس سال ترقیاتی کام مکمل کرلے تو اگلے سال پشاور میں بھی لیگ کے میچز ہوں گے۔

سیمی کو اعزازی شہریت دینے کی درخواست صدر کی ٹیبل پر موجود ہے: جاوید آفریدی

فوٹو: جیو نیوز

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پشاور میں ہونا پشاور کے عوام کے لیے خوش خبری ہے، لیگ کی کامیابی پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان کے لیے کافی مثبت جذبات رکھتے ہیں اور ان کے لیے اعزازی شہریت کی درخواست کی تھی جو صدر مملکت کی ٹیبل پر موجود ہے۔

پشاور کی طرح کوئٹہ میں بھی پی ایس ایل کے میچز ہوں: ندیم عمر

فوٹو: جیو نیوز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو شاباش کے انہوں نے کرکٹ واپس لانے کے لے بہت محنت کی، بہت بڑا دن ہے اور سب خوش ہیں۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ پشاور کی طرح کوئٹہ میں بھی پی ایس ایل کے میچز ہوں۔

ماضی کے ہیروز کو عزت دیں گے تو نئے لوگ بھی ہیرو بنیں گے: اسلام آباد یونائٹڈ

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے علی نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل جب شروع ہوا تھا تو مشن سب کا یہ تھا کہ پاکستان میں کرکٹ واپس لائی جائے، پی ایس ایل جتنی جلدی کامیاب ہوئی اور جتنی کامیابی حاصل کی وہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں ہیروز کا ہونا بہت ضروری ہے، ماضی کے ہیروز کو عزت دیں گے تو نئے لوگ بھی ہیرو بنیں گے۔

’جب لیگ پاکستان میں نہیں تھی تو قلندرز نے شہر شہر لیگ کو زندہ رکھا‘

فوٹو: جیو نیوز

لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عاطف رانا نے کہا کہ پی سی بی کی کاوش کے بغیر یہ لیگ ممکن نہیں ہوسکتی تھی، قلندرز کی ٹیم پہلی بار اپنے ہوم گراؤنڈ لاہور میں کھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب لیگ پاکستان میں نہیں تھی تو قلندرز نے شہر شہر لیگ کو زندہ رکھا۔

اس دوران لیگ کے کامیاب انعقاد پر عاطف رانا کی درخواست پر تمام فرنچائز مالکان نے کھڑے ہوکر احسان مانی کا شکریہ ادا کیا۔

ہم سب نے مل کر اس لیگ کو کامیاب کرنا ہے: عالمگیر ترین

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے عالمگیر ترین کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، ہم سب نے مل کر اس لیگ کو کامیاب کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی سیاحتی ریٹنگ بہتر کررہی ہے۔

عالمگیر ترین نے مزید کہا کہ ملتان سلطانز کے سبب جنوبی پنجاب بھی مین اسٹریم کرکٹ کا حصہ بن رہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب جمعرات کو کراچی میں ہوگی، ایکشن سے بھرپور ان مقابلوں میں 36 غیر ملکی کرکٹرز بھی ایکشن میں ہوں گے، ایونٹ کا افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :